غزہ مذاکرات کا اگلا دور آج دوحہ میں اور کل قاہرہ میں ہو گا

غزہ کی پٹی میں فائر بندی سے متعلق مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کے لیے مصر، قطر، امریکا اور اسرائیل کے وفود آج بدھ کے روز دوحہ میں ملاقات کر رہے ہیں۔ یہ بات القاہرہ نیوز چینل اور ذرائع نے بتائی۔

اعلیٰ سطح کے ذرائع نے بتایا ہے کہ مصری جنرل انٹیلی جنس کے سربراہ عباس کامل کی قیادت میں مصری سیکورٹی وفد حماس اور اسرائیل کے بیچ نقطہ ہائے نظر کو قریب لانے کی کوشش کرے گا۔ اس کا مقصد جلد از جلد جنگ بندی کو ممکن بنانا ہے۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ "بہت سے نکات کے حوالے سے اتفاق رائے پایا جاتا ہے”۔ مذاکرات کا اگلا دور کل جمعرات کے روز قاہرہ میں ہو گا۔

بات چیت کے قریبی ذرائع نے نام ظاہر نہ کرنے کی درخواست پر غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ سرائیلی انٹیلی جنس (موساد) کے چیف ڈیوڈ برنیا بھی اجلاس میں شریک ہوں گے۔

ادھر با خبر ذرائع نے ایجنسی کو بتایا ہے کہ امریکی سی آئی اے کے ڈائریکٹر ولیم بیرنز بھی اجلاس میں شرکت کریں گے۔ اس سے قبل منگل کے روز بیرنز نے قاہرہ میں مصری صدر عبد الفتاح السيسی سے ملاقات کی۔

مصری ایوان صدارت کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں صدر السیسی نے باور کرایا کہ مصر غزہ کی پٹی میں فوجی کارروائیوں کے جاری رہنے کو مسترد کرتا ہے۔ انہوں نے غزہ کی لڑائی پھیلنے سے بچانے کے لیے "سنجیدہ اور مؤثر اقدامات” کی ضرورت پر زور دیا۔

یاد رہے کہ مصر اور قطر … اسرائیل اور حماس کے درمیان 9 ماہ سے جاری لڑائی میں مرکزی وساطت کار کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ اس امید کے ساتھ کہ اسرائیلی جیلوں میں قید فلسطینیوں کی رہائی کے مقابل لڑائی ختم ہو جائے اور غزہ میں یرغمال افراد کی رہائی عمل میں آ جائے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے