حریت رہنمائوں کا برہان مظفر وانی اوران کے ساتھیوں کو شاندار خراج عقیدت

سرینگر: کل جماعتی حریت کانفرنس کے سرکردہ رہنمائوں نے معروف نوجوان کشمیری رہنما برہان مظفر وانی اور ان کے ساتھیوں کوان کے آٹھویں یوم شہادت پر شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے بھارتی قبضے کے خلاف جدوجہد جاری رکھنے کے کشمیریوںکے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق بھارتی فوجیوں نے برہان وانی کو اپنے2 ساتھیوں کے ہمراہ 8 جولائی 2016 کو ضلع اسلام آباد کے علاقے کوکر ناگ میںایک جعلی مقابلے میں شہید کیا تھا۔ برہان وانی کے ماورائے عدالت قتل نے مقبوضہ علاقے میں ایک زبردست عوامی احتجاجی تحریک کو جنم دیاتھاجس کے دوران قابض فوجیوں نے گولیوں، پیلٹز اور آنسو گیس کا اندھا دھند استعمال کرکے 150سے زائد بے گناہ مظاہرین کو شہید کیاتھا۔

غیر قانونی طورپر نظربند کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین مسرت عالم بٹ اور دیگر نظربند قائدین شبیر احمد شاہ، نعیم احمد خان اورمولوی بشیر احمد عرفانی نے اپنے بیانات میںجدوجہدآزادی میں نئی روح پھونکنے اورکشمیری نوجوانوں کو بھارتی تسلط کے خلاف جذبہ آزادی سے سرشار کرنے پر برہان وانی کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے اسلام اور پاکستان کے ساتھ برہان وانی کی گہری وابستگی کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ کشمیریوں کے دلوں میں ان کے لئے ایک خاص مقام ہے اور یہ بنیادیں کشمیریوں کی تحریک آزادی کے لیے لازم و ملزوم ہیں جو کشمیری مسلمانوں کی اجتماعی یادداشت کا حصہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ برہان وانی اور دیگر کشمیری نوجوانوں کی قربانیاں تحریک آزادی کا قیمتی اثاثہ ہیں اور کشمیری عوام کا فرض ہے کہ وہ اس اثاثے کی حفاظت کریں اور اپنے مقدس مقصد کے حصول تک بھارتی قبضے کے خلاف جدوجہد جاری رکھیں۔انہوں نے کہاکہ خطے میں پائیدار امن کا انحصار اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق دیرینہ تنازعہ کشمیر کے منصفانہ حل پر ہے۔

فیاض حسین جعفری، مولانا سید سبط شبیر قمی سمیت دیگر حریت رہنمائوں نے برہان وانی اور دیگر شہدا ء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے مشن کو ہر حال میں پورا کرنے کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے تحریک آزادی کو دبانے کے لئے بھارتی مظالم کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہر شہادت سے کشمیریوں کے عزم کو تقویت ملتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بالآخر حق پر مبنی جدوجہد کی فتح ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ برہان وانی کی لازوال جدوجہد اور قربانی کشمیری نوجوانوں کو متاثر کرتی رہے گی اور جدوجہد آزادی کی تاریخ میں ان کی خدمات اور قربانیوں کو سنہرے حروف میں لکھا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے