اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کے عسکر ونگ شہید عزالدین القسام بریگیڈ نے منگل کی شام ایک اور مقتول اسرائیلی قیدی کی ایک ریکارڈ شدہ ویڈیو جاری کی ہے۔ یہ قیدی قابض افواج کی جانب سے شہر کے خلاف جاری فوجی جارحیت کے دوران رفح میں مارا گیا تھا۔
ٹیلی گرام پر نشر کی گئی ویڈیو اسرائیلی جنگی قیدی ’اوری ڈانو‘ کو اپنی موت سے قبل یہ کہتے سنا جا سکتا ہے کہ’اسرائیل کے لوگو! ہمیں نظرانداز نہ کرو‘۔
القسام نے ویڈیو کا آغاز بریگیڈز کے ترجمان ابو عبیدہ کےایک سابقہ بیان سے کیا، جس میں انہوں نے زور دے کر کہا کہ "جو قیمت ہم پانچ یا دس زندہ قیدیوں کے لیے لیں گے وہی قیمت ہے جو ہم تمام قیدیوں کے لیے لیتے‘۔
ویڈیو میں ان چھ قیدیوں کی تصاویر اور نام دکھائے گئے جو قابض فوج کے ہاتھوں مارے گئے اور جن کی لاشیں حال ہی میں رفح شہر سے برآمد ہوئیں۔
مقتول قیدی،ڈانو نے وضاحت کی کہ اسے سات اکتوبر کو "نووا” پارٹی سے گرفتار کیا گیا تھا۔ وہ حماس کی قید میں ہے۔ وہ کئی بار بمباری میں بچا۔ اسے بمباری کے ذریعے قتل کرنے کی متعدد کوششیں کی گئیں۔ کئی بار اسرائیلی فوج نے ان پر فائرنگ کی۔
اس نے نشاندہی کی کہ وہ اور اس کے ساتھ قیدی (جن میں سے سبھی اسرائیلی بمباری سے مارے گئے) خوراک، پانی اور بجلی کے بغیر رہے۔
قابض حکومت اور جنگی کابینہ کے نام ایک پیغام میں اس نے کہاکہ "آپ سات اکتوبر کو ناکام رہے اور شہریوں (غزہ کے اطراف میں آباد افراد) کی حفاظت کرنے میں ناکام رہے۔ آج آپ ہمیں ایک ایک کرکے مارنے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں۔ ہمیں بچانے کے بجائے ہم پر بمباری کی جاتی ہے‘۔
اسرائیلی قیدی نے آباد کاروں اور قیدیوں کے اہل خانہ سے مطالبہ کیا کہ وہ غزہ کی پٹی سے اسرائیلی قیدیوں کو زندہ ان کے گھروں کو واپس کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کریں۔
اس نے متنبہ کیا کہ نیتن یاہو اور ان کی حکومت کی طرف سے جو کچھ کیا جا رہا ہےاس سے کوئی بھی قیدی زندہ نہیں بچے گا۔